کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ آج سندھ سب سے ترقی یافتہ صوبہ ہے، کراچی کی بربادی کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے۔
سعید غنی نے ایم کیو ایم کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ واٹر بورڈ، کے ایم سی، کے ڈی اے اور ایم ڈی اے کی بربادی کے پیچھے ایم کیو ایم ہے، دہشتگردی پھیلانے والی جماعت کس منہ سے کراچی کے مسائل پر بات کر رہی ہے؟
صوبائی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم کی نفرت کی سیاست کو کراچی کے عوام نے دفن کر دیا ہے، ایم کیو ایم مردہ سیاسی گھوڑا ہے اور شدید اندرونی انتشار کا شکار ہے، وہ اب پی ایس پی کے مکمل قبضے میں جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بتائے بلدیاتی انتخابات سے کیوں راہ فرار اختیار کی تھی؟ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوامی خدمت کے ذریعے کراچی میں اپنی جگہ بنائی ہے، آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم کو کراچی سے امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔
اس سے قبل ترجمان ایم کیو ایم کی جانب سے بیان سامنے آیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی کیلیے کوئی میگا پروجیکٹ نہیں دیا بلکہ ورلڈ بینک سے ادھار لے کر کام کروائے یہ پیسہ بھی کراچی والوں کو دینا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کراچی کے سرکاری اداروں میں گریڈ ایک سے پندرہ تک غیر مقامی لوگوں کو بھرتی کیا گیا، وفاق سے سندھ کو ملنے والے ایک اعشاریہ آٹھ ٹریلین کہاں خرچ ہوئے؟
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بتائے سولہ سال میں کراچی کے کتنے نوجوانوں کو نوکریاں دیں؟