پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما اور وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی کرانے کی اپیل کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے التوا سے شہریوں، پارٹی کارکنوں میں مایوسی ہو رہی ہے، بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو نہ ہوئے تو شہریوں کو پھر مایوسی کا سامنا ہوگا۔
سعیدغنی نے وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن مزید مؤخر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط نہ لکھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم سے بلدیاتی نظام مؤثر بنانے کیلئے جو معاہدہ ہوا اس پر اتفاق رائے ہو چکا ہے، معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے اس لئے انتخابات کے مزید التوا کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کیلئےپہلے روز سے ہی تیار تھی، صورتحال بارشوں اور دیگر وجوہات کے باعث پیدا ہوئی تھی، اس لیے اب 15 جنوری کوبلدیاتی انتخابات ہوجانے چاہئیں۔