اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک چلانے کے لیے سیاسی درجہ حرارت نیچے لانا ہوتا ہے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوتا کہ دباؤ ڈال کر لوگوں کی ضمانتیں منسوخ کرائی جائیں.
سابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہمارے مزید ساتھی جیلوں میں آئیں گے، لیکن یاد رکھیں کہ آپ بھی نہیں بچ سکتے، پانچ سال آرام سےنہیں نکلتے اور ایسے تو دو بھی نہیں نکلیں گے.
انھوں نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ این آراو دینا منتخب وزیراعظم کا کام نہیں، منتخب وزیراعظم این آراو دینے کی پوزیشن نہیں رکھتا، اگر اصرار ہے، تو خود کو سلیکٹڈ مان لیں.
سعد رفیق نے کہا کہ بجٹ نے تنخواہ دار طبقے کی چیخیں نکلوا دی ہیں، ریئل اسٹیٹ کی تباہی میں یہ بجٹ آخری کیل ثابت ہوگا، کیا کرپشن صرف سیاستدانوں تک محدود ہے ، کیا پولیس، ایف بی آر کسٹمز سب دودھ کے دھلے ہیں.
مزید پڑھیں: اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق
جو حکومت 4ہزارارب ٹیکس اکٹھانہ کرسکی وہ آگے کیسے کام کرے گی، ہم سے حساب مانگتے ہیں تو وہ ہمارے منصوبے سامنے ہیں، اورنج لائن،موٹرویز،لواڑی ٹنل تمام تر منصوبے ہم نے بنائے، ادھر بی آرٹی کے لئے پشاور میں گڑھے کئے گئے ہیں.
آج ریلوے کا کباڑہ کردیا گیا ہے، پینشنرز اور ملازمین کو ادائیگیاں نہیں کی جارہیں نقصان پاکستان کاہورہا ہے، موجودہ دورحکومت میں ملک کو ریورس گیئر لگا دیا ہے.
اس موقع پر انھوں نے اسپیکر کا پروڈکشن آرڈر جانے کرنے پر شکریہ ادا کیا.