کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی صفائی مہم کراچی میں دوسرے روز بھی جاری رہی، متحدہ رہنماؤں نے حکومت سندھ کو پیغام دیا کہ روڑے نہ اٹکائیں بلکہ ہمارے ساتھ مل کر کراچی کے گند کو صاف کریں۔
پائنچے اور آستین چڑھا کر متحدہ رہنما اور کارکنان آج پھر میدان میں اترے ، کسی نے جھاڑو لگائی تو کسی نے بیلچے اور کرین چلا کر کچرے سے بھری گلیوں کا صفایا کیا۔
کارکنان نے بھی شہریوں میں پمفلٹ تقسیم کرکے صفائی ستھرائی سے متعلق آگاہی فراہم کی، اس موقع پرنامزد مئیر اور ڈپٹی مئیر کا کہنا تھا کہ سیاست کرنے نہیں آئے، پیپلز پارٹی نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنایا۔
فاروق ستار بھی صفائی کرنے میں پیچھے نہ رہے، انہوں ساتھ ساتھ شکوہ بھی کرڈالا کہ حکومت سندھ ان کی صفائی مہم میں روڑے نہ ڈالے۔
شہر کی گلیوں کو صاف کرنے والے منتخب نمائندوں اور رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔