جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

کار ایکسیڈنٹ کے دوران جانی نقصان سے بچنے کی تجاویز

اشتہار

حیرت انگیز

گاڑی چلانا ایک ایسا کام ہے جس کے لیے نہایت مشاقی و مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران دماغی طور پر حاضر رہنا بھی نہایت ضروری ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں سیکنڈ کے ہزارویں حصہ میں فیصلہ کر کے اپنی اور گاڑی میں بیٹھے دیگر افراد کی جانیں بچائی جائیں۔

لیکن ہر شخص ان اصولوں کی پاسداری نہیں کرتا۔ ڈرائیونگ کے دوران آپ کا واسطہ بے شمار ایسے افراد سے پڑے گا جو نہایت لاپرواہی سے گاڑی چلا کر اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیں گے۔

یہاں ہم آپ کو کچھ ایسی تجاویز بتارہے ہیں جن کو اپنا کر کسی حادثے کی صورت میں آپ اپنا بچاؤ کر سکتے ہیں۔

یہ تجاویز آپ کو شدید زخمی ہونے سے بچائیں گی جن کے بعد آپ اپنے ہوش و حواس بحال رکھتے ہوئے قریبی اسپتال جا کر ابتدائی طبی امداد حاصل کرسکتے ہیں۔

گاڑی خریدنے کا پہلا اصول

accident-5

جب بھی آپ گاڑی خریدیں تو اس سے پہلے کچھ ہوم ورک ضرور کریں۔ انٹرنیٹ پر اس گاڑی کے ماڈل کی سیفٹی ریٹنگز سے ضرور آگاہی حاصل کریں۔

یہ ریٹنگز بتاتی ہیں کہ کسی حادثے کی صورت میں گاڑی میں بیٹھے افراد کو اگلی گاڑی نے زیادہ نقصان پہنچایا یا جس گاڑی میں وہ بیٹھے تھے وہی گاڑی ان کے زخمی ہونے کا سبب بنی۔

سیٹ بیلٹ کا استعمال

accident-4

سفر کے دوران سیٹ بیلٹ کا استعمال ایک ایسی مفید عادت ہے جو آپ کو کسی بھی خطرناک صورتحال سے بچا سکتی ہے۔

نہ صرف حادثے کی صورت میں، بلکہ سڑک پر اگر ایمرجنسی بریک بھی لگائے جائیں تب بھی آپ کا سر اگلی سیٹ یا شیشے سے ٹکرا سکتا ہے جس سے بچنے کا واحد حل سیٹ بیلٹ پہننا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سڑک پر پیش آنے والے کار ایکسیڈنٹس میں 98 فیصد اموات سیٹ بیلٹ نہ پہننے کے باعث ہوتی ہیں۔

یہ عمل اس وقت اور بھی ضروری ہے جب آپ کے ساتھ گاڑی میں بچے بھی موجود ہوں۔ بچوں کو گاڑی میں بٹھا کر سیٹ بیلٹ باندھنے سے قبل کبھی بھی گاڑی نہ چلائیں۔

گاڑی میں موجود ایئر بیگ

accident-2

گاڑی کے اسٹیئرنگ وہیل پر لگا ائیر بیگ کسی حادثے کی صورت میں آپ کے سر اور چہرے کو شدید زخمی ہونے سے بچا سکتا ہے تاہم اس کے لیے بھی کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ضروری ہیں۔

ڈرائیونگ کے دوران ہاتھوں میں گھڑی یا زیورات پہننے سے گریز کریں۔ اکثر حادثات میں ایئر بیگ اور چہرے کے درمیان ہاتھ آگئے جن میں پہنی گھڑیاں اور زیورات چہرے کو شدید زخمی کرنے کا سبب بنیں۔

بازؤں کو اسٹیئرنگ وہیل پر ترچھا (کراس) کر کے مت رکھیں۔ دایاں ہاتھ دائیں جانب اور بایاں ہاتھ بائیں جانب رکھ کر گاڑی چلائیں۔

اسی طرح ڈرائیونگ کے دوران اپنی گود میں کوئی ایسی چیز رکھنے سے گریز کریں جو حادثے کے دوران آپ کا چہرہ ایئر بیگ تک پہنچنے سے روک دے۔

ایئر بیگ کو کچھ عرصے بعد اچھی طرح چیک کرتے رہیں تاکہ اگر اس میں کوئی خرابی ہے تو اس کا علم ہوسکے اور فوری طور پر اس کو درست کیا جاسکے۔

گاڑی میں غیر ضروری سامان

accident-3

گاڑی میں بغیر کسی سہارے کے رکھا ہوا ہلکا پھلکا سامان جیسے بیگ، موبائل فون، کھانے پینے کی اشیا یا لیپ ٹاپ وغیرہ کسی حادثے کی صورت میں اپنی جگہ سے اچھل کر آپ سے ٹکرا سکتے ہیں جس سے آپ کے زخمی ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ایکسیڈنٹ کے بعد

ایکسیڈنٹ کے فوراً بعد قریبی اسپتال ضرور جائیں۔ ہوسکتا ہے آپ کو کوئی ظاہری چوٹ نہ لگی ہو، لیکن جھٹکے سے آپ کو کوئی اندرونی جسمانی یا دماغی چوٹ لگنے کا امکان ہو سکتا ہے جس کی درست تشخیص کوئی ڈاکٹر ہی کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹریفک حادثے کی صورت میں کیا کیا جائے؟

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں