شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان و اداکار ساحر لودھی کا کہنا ہے کہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ عمر شریف اور معین اختر کی روٹی کھاتا ہوں۔
اداکار و میزبان ساحر لودھی نے نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اس دوران میزبان نے پوچھا کہ ہوسٹنگ کرنا مشکل کام ہے اکثر ایسا ہوتا ہے کہ مہمان ایسے آجاتے ہیں انہیں جگانا پڑتا ہے آپ کیسے ہینڈل کرتے ہیں۔
ساحر لودھی نے بتایا کہ شو شروع ہوتا ہے تو مہمان کو جگانے کی ذمہ داری ہے ان سے گفتگو کرنا بھی ہوتی ہے مہمان اچھے آتے ہیں اگر کوئی ایسا آبھی جائے تو ہینڈل کرلیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب عمر شریف میرے شو پر آئے تو میں نے ان کے لیے کارپٹ بچھایا تھا، میں آج بھی کہتا ہوں کہ عمر شریف اور معین اختر کی روٹی کھاتا ہوں کیونکہ اگر وہ نہ ہوتے تو میں نہیں چل سکتا تھا۔
ساحر لودھی نے کہا کہ جب عمر شریف آئے تھے تو میں بہت پرجوش تھا، میرا شو 12 بجے ختم ہوتا ہے میں ملیر کینٹ سے گزرتا ہوں تو گاڑی روک کر معین اختر کی قبر پر جاکر فاتحہ پڑھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب میں ان دونوں کا انٹرویو کیا تھا یہ دھیان رکھا تھا کہ مجھ سے کوئی ایسی بات نہ ہوجائے جس سے انہیں تکلیف پہنچے۔
اداکار نے کہا کہ میں وحید مراد کی قبر پر بھی کافی مرتبہ گیا ہوں، پاکستان میں ہیرو تو بہت آئے لیکن ان کے جیسا کوئی نہیں ہے۔
اپنی ڈائٹ سے متعلق ساحر لودھی نے کہا کہ میں اب ڈائٹ کا خیال کرتا ہوں، ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق کھاتا ہوں، میں پہلے 18 سے 19 میل بھاگتا تھا اب 8 سے 9 میل ہوگیا ہے آئندہ چھ ماہ میں دوبارہ 18 سے 19 میل دوڑوں گا۔