ساہیوال: صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق جبکہ 25 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں ہڑپہ ٹول پلازہ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر میں تصادم ہوا، افسوس ناک حادثے میں 2 خواتین جان کی بازی ہار گئیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 24 خواتین سمیت 25 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ٹریکٹر ٹرالی میں خواتین کپاس کی چنائی کے لیے کھیت جا رہی تھیں۔
بونیر:گاڑی کھائی میں گر گئی، 8 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بونیر میں چلندری چغرزئی میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 8 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار افراد شادی میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل تھے۔