پشاور: سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کے تحت برسوں سے بند پڑے سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ کو دوبارہ سے آپریشنل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کا سیدو شریف کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن رواں ماہ کے آخری ہفتے میں سیدو شریف ایئر پورٹ پر اے ٹی آر طیارے کی ٹیسٹ فلائٹ کرے گی۔
پی آئی اے کے شعبہ ٹریفک کے عملے کو تیاری کی ہدایت کر دی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ فلائٹ کے لیے سیدو شریف ایئر پورٹ پر انتظامات کیے جائیں۔
خیال رہے کہ سیدو شریف ایئر پورٹ طویل عرصے سے غیر فعال ہے، امن و امان کی صورت حال کے باعث اسے 2004 میں بند کیا گیا تھا، ایئر پورٹ پر ترقیاتی کام کیا جا رہا تھا جسے اب مکمل کر لیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی سیدو شریف ایئر پورٹ کو طیاروں کی آمد و روانگی کے لیے کھول دیا جائے گا۔
سی اے اے کے مطابق سیدو شریف ایئر پورٹ کا رن وے مکمل طور پر تیار ہو چکا ہے، آپریشن شروع کرنے کے لیے پی آئی اے کو ایک ہفتے کے نوٹس پر دیگر سہولیات بھی فراہم کر دی جائیں گی۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر ایئر بس 320 طیاروں کی لینڈنگ کے لیے منصوبہ بندی شروع ہو چکی ہے، اور اس پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔