بالی ووڈ کے مسلمان اداکار سیف علی خان پر جان لیوا حملے بعد آنجہانی سیاستدان بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان کا بڑا بیان سامنے آگیا۔
ٹارگٹ کلنگ میں اپنی جان سے ہاتھ دھونے والے بھارت کے مشہور سیاستدان اور سلمان خان کے دوست بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی نے سیف علی خان پرچاقو سے حملے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ باندرہ کا علاقہ اب مزید محفوظ نہیں رہا۔
ممبئی کے علاقے باندرہ کے سابق ایم ایل اے اور نیشنل کانگریس پارٹی کے لیڈر ذیشان صدیقی نے کہا کہ جس باندرہ میں میری پیدائش ہوئی جہاں میں پلا بڑھا اور اب جو باندرہ ہے اس میں بہت بڑا فرق ہے۔
ذیشان صدیقی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے والد کے قتل کے حوالے سے جو معلومات دی ہیں پولیس اس کو بنیاد بنا کر تفتیش نہیں کررہی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ میرے والد نے ممبئی کی کچی آبادی میں ایک پروجیکٹ بنانے کی مخالفت کی تھی، میں نے ممبئی پولیس کو کئی بلڈرز کے نام دیے ہیں اور مجھے چارج شیٹ کے آنے کا انتظار ہے۔
خیال رہے کہ 16 جنوری 2025 کو رات میں سیف علی خان کے ممبئی کے باندرہ والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی تھی جسے اداکار نے مزاحمت کر کے ناکام بنایا لیکن وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کے فوراً بعد انہیں اسپتال منقتل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نے ان کی ڈھائی گھنٹے کی سرجری کی۔ اداکار اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں اور گزشتہ روز آپریشن کر کے ان کی ریڑھ کی ہڈی سے چاقو کا 2.5 انچ کا ٹکڑا نکالا گیا جس کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا جس سے انھیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جبکہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔