ممبئی: معروف بھارتی اداکار سیف علی خان نے اپنی 46 ویں سالگرہ اپنی اہلیہ اور خاندان کے لوگوں کے ساتھ منائی ۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار نے اپنا جنم دن اپنی اہلیہ اور خاندان کے افراد کے ساتھ منایا ، سیف علی خان کی سالگرہ کے موقع پر منقعد نجی تقریب میں ان کی والدہ شرمیلا ٹیگور ، ان کے بیٹے ابراہیم خان، ان کی اہلیہ کرینہ کپور کی بہن کرشمہ کپور ، ان کی بہن سوہا علی خان اور بہنوئی کونال کھیمو نے شرکت کی ۔
بالی ووڈ اداکار سیف علی خان 16 اگست 1970 کو نئی دہلی میں پیدا ہوئے اور فلمی کیریئر کا آغاز 1992 میں فلم ’پرم پرا‘ سے کیا، ابتدا میں فلاپ پر فلاپ فلمیں دینے والے سیف علی خان کو بالآخر 2001 میں کامیابی ملی جب فرحان اختر کی فلم ’دل چاہتا ہے‘ سپر ہٹ ہوئی جس نے نواب پٹودی اور شرمیلا ٹیگور کے صاحبزادے سیف کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
بالی ووڈ فلم ’کل ہو نا ہو‘، ’ہم تم‘، ’سلام نمستے‘، ’ریس‘،’پری نیتا‘، ’اومکارہ‘، ’کاک ٹیل‘ اور ’ریس ٹو‘ کا شمار سیف علی خان کی ہٹ فلموں میں ہوتا ہے اور جن کے باعث انہوں نے کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے، سیف نے بطور پروڈیوسر فلم ’لؤ آج کل‘ بنائی جو ہٹ ہوئی لیکن بگ بجٹ فلم ’ایجنٹ وینود‘ کو بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
سیف علی خان نے پہلی شادی 1991 میں اداکارہ امرتا سنگھ سے کی جن سے ان کے 2 بچے بھی ہیں لیکن یہ شادی زیادہ عرصہ چل نہ پائی اور طویل عرصے تک میڈیا میں کرینہ کپور سے شادی کے چرچے رہنے کے بعد بلآخر اکتوبر 2012 میں سیف اور کرینہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔