بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ریلوے اسٹیشن پر پولیس نے بالی وڈ اسٹار سیف علی خان پر چاقو حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
یہ دعویٰ انڈین میڈیا کی رپورٹس میں کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز بھی ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیے جانے کی خبر سامنے آئی تھی جس کی بعد میں تردید کی گئی۔
اب تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ 31 سالہ آکاش کیلاش کو درگ ریلوے اسٹیشن پر پولیس نے حراست میں لیا جبکہ ممبئی پولیس ملزم کی شناخت کیلیے موقع پر پہنچ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چاقو حملے کے بعد سیف علی خان نے پہلا بیان جاری کر دیا
ریلوے پروٹیکشن فورس (RPF) کے عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ ملزم کو جننیشوری ایکسپریس سے گرفتار کیا، دوپہر 2 بجے کے قریب جب ٹرین درگ پہنچی تو وہ جنرل ڈبے میں بیٹھا تھا، اس نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن پکڑا گیا، فی الحال اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ممبئی پولیس نے ملزم کی تصویر، ٹرین کا نمبر اور مقام آر پی ایف کو بھیجا تھا جس کے بعد اسے پکڑا، ملزم کو ممبئی پولیس کے اہلکاروں سے ویڈیو کال پر بات کروائی ہے۔
آر پی ایف کے مطابق آکاش کیلاش نے ابتدائی تفتیش کے دوران پہلے کہا کہ وہ ناگپور جا رہا ہے اور پھر اس نے بیان بدل کر بتایا کہ بلاسپور جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا گیا کہ آکاش کیلاش کی شکل اُس حملہ آور سے ملتی ہے جس نے باندرہ میں سیف علی خان کے گھر میں گھس کر ان پر حملہ کیا، ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے۔
جمعرات کو منظر عام پر آنے والی فوٹیج میں ملزم کا چہرہ واضح ہے جس میں اسے سرخ لباس پہنے اور بیگ اٹھائے ہوئے تقریباً 2:30 بجے سیڑھیوں سے اترتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
گزشتہ روز کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پولیس نے سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا تاہم بعد میں اس کی تردید کی گئی۔