جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں زخمی ہونے کے بعد لندن میں زیر علاج پاکستانی بیٹر صائم ایوب نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کر دی ہے۔
پاکستان کے نوجوان جارح مزاج بلے باز جو گزشتہ دنوں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں فیلڈنگ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے کے بعد لندن میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے قوم سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کر دی ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ ڈاکٹرز پوری توجہ سے علاج کر رہے ہیں اور میں بھی جلد فٹ ہونے کی پوری کوشش کر رہا ہوں، لیکن کب تک مکمل تندرست ہوسکوں کچھ نہیں پتہ۔ قوم سے اپیل ہے کہ وہ میری جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔
واضح رہے کہ صائم ایوب کو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر لندن علاج کے لیے بھیجا گیا۔ چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ میں ان کا نام شامل ہے، تاہم حتمی اسکواڈ کے اعلان سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی کو ان کی مکمل میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے۔
صائم ایوب نے صرف 9 ون ڈے میچز کھیلے ہیں اور اس میں تین سنچریاں اور ایک نصف سنچری اسکور کر کے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر دیا ہے۔
خصوصاً دورہ جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز میں ان کی بیک ٹو بیک سنچریوں کی بدولت گرین شرٹس کو پہلی بار پروٹیز کو وائٹ واش کرنے کا موقع ملا۔
چیمپئنز ٹرافی میں صائم ایوب کی شرکت: حتمی فیصلہ کب ہوگا؟ اہم خبر