پاکستان کے جارح مزاج نوجوان اوپنر صائم ایوب نے بتایا ہے کہ سعید انور سے ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی تھی۔
نوجوان اوپنر صائم ایوب سے میزبان نے سوال کیا کہ کونسا ایسا انٹرنیشنل کرکٹر ہے جسے دیکھ کر آپ کہتے تھے کہ مجھے ان کے جیسے کھیلنا ہے؟
جواب میں صائم نے کہا کہ سب سے زیادہ متاثر تب ہوتا تھا جب پاکستان ٹیم کو کھیلتا دیکھتا تھا، کھلاڑی پاکستان کے بیگز لے کر جارہے ہوتے تھے تو سوچتا تھا کہ کاش میں بھی ایسے ہی بیگ لے کر گھر جاؤں اس میں پاکستان کا ہیلمٹ رکھوں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی ایک ایسا کھلاڑی نہیں ہے جو پسند ہے بہت سے ایسے کھلاڑی ہیں جو پسند ہیں۔
میزبان کے اصرار پر صائم ایوب نے کہا کہ سعید انور، برائن لارا، سچن ٹنڈولکر، ایڈم گلکرسٹ پسند ہیں، سعید انور سے ملنے کا اتفاق ہوا ہے۔
اوپنر بیٹر نے کہا کہ سعید انور سے کوئی خاص بات نہیں ہوئی ان سے مسجد سے ملاقات ہوئی تھی لیکن کرکٹ پر بات نہیں ہوئی کیونکہ اس وقت میں پاکستان سے نہیں کھیلا تھا وہ مجھے نہیں جانتے تھے۔
صائم ایوب نے کہا کہ اب اگر سعید انور سے ملاقات ہوئی تو ضرور کرکٹ پر بات کروں گا۔