ممبئی: لیجنڈ آنجہانی اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کو دل کا دورہ پڑنے پر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں برس جولائی میں انتقال کرنے والے لیجنڈ بھارتی اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بابو کی بھی طبیعت اب خراب ہوگئی اور انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہیں۔
بھارتی میڈڈیا کے مطابق سابق اداکارہ سائرہ بانو کو ممبئی کے اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کیا گیا ہے۔
77 سالہ سائرہ بانو کو سینے میں تکلیف کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
دلیپ کمار کے خاندان کے قریبی دوست فیصل فاروقی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سائرہ بانو کو سینے میں انفیکشن کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور ان کا علاج جاری ہے۔
فیصل فاروقی نے مزید کہا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں اللہ کا شکر ہے کہ اب ان کی حالت مستحکم ہے اور انہیں مکمل نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سائرہ بانو کے خاوند لیجنڈ اداکار دلیپ کمار رواں سال 7 جولائی کو انتقال کرگئے تھے۔