نئی دہلی: بالی ووڈ کے معروف اداکار دلیپ کمار کی طبیعت کے حوالے سے ان کی اہلیہ سائرہ بانو کا بیان سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 98 سالہ دلیپ کمار کی طبیعت ناسازی سے متعلق مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں تاہم اب ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے ان افواہوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر خیریت سے ہیں۔
سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ لیجنڈری اداکار کو عمر کی مناسب سے کمزوری محسوس ہورہی ہے، باقی وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ ایسی کوئی بات نہیں کہ ان کی قوت مدافعت ختم ہو رہی ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس دلیپ کمار کے 2 بھائی اسلم خان اور احسان خان کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں میں 16 اگست کو کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد نہیں لیلاوتی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
اسپتال میں دوران علاج دونوں بھائیوں کی حالت بگڑنے لگی اور پہلے اسلم خان کرونا کے باعث دم توڑ گئے بعد ازاں احسان خان بھی انتقال کر گئے تھے۔