قومی ٹیم کے اسپنر ساجد خان کا کہنا ہے کہ ایسی پچ پر پلان ہے کہ رنز نہیں دینے وکٹیں لینی ہیں۔
ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آف اسپنر ساجد خان نے کہا کہ خواہش ہوتی ہے ملک کے لیے اچھا کھیلیں، سلیکٹ کرنا نہ کرنا سلیکٹرز کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز جس مائنڈ سیٹ سے کھیلے گی ہم ویسے ہی پلان بنائیں گے۔
آف اسپنر نے کہا کہ کل کھیل جلدی شروع ہوتا ہے تو 350 رنز تک بنائیں گے، ایسی پچ پر پلان ہے رنز نہیں دینے وکٹیں لینی ہیں۔
View this post on Instagram
ساجد خان نے کہا کہ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے پاکستان سے تینوں فارمیٹ کھیلے۔
واضح رہے کہ ملتان میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنالیے اور 202 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی ہے۔
کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
کپتان شان مسعود 52 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، محمد ہریرہ 29 اور بابر اعظم 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ووریکین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے بعد پاکستان نے پہلی اننگز میں 93 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔