منگل, مارچ 25, 2025
اشتہار

حکومت کا دہرا معیار : اشرافیہ کو ریلیف اور تنخواہ دار طبقہ محروم، ایسا کیوں؟

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : ایک جانب تو کابینہ اراکین کی تنخواہوں میں 188 فیصد اضافہ کیا گیا تو دوسری جانب حکومت نے دہرا معیار اپناتے ہوئے تنخواہ دار طبقہ کو فوری ریلیف دینے سے معذرت کرلی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری بلال اظہر کیانی نے تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکسز کا زیادہ بوجھ تسلیم کرنے کے باوجود اس طبقے کو فوری ریلیف دینے سے معذرت کی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکس کا کافی بوجھ ہے مگر ملکی معیشت کے حالات ایسے ہیں کہ فوری طور پر ملازمین کو ریلیف دیا جانا ممکن نہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن نے اس اہم موضوع پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کابینہ اراکین نے خود تو اپنی تنخواہوں میں 188 فیصد اضافہ کیا لیکن عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلیے وفاقی حکومت کے پاس وسائل ہی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے وزیروں، وزرائے مملکت اور مشیروں کی تنخواہ 2 سے پونے دو لاکھ کے درمیان تھی لیکن اس اضافے کے بعد ان کی ماہانہ تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار تک ہو جائے گی۔

کابینہ اراکین کی تنخواہیں بڑھنے سے خزانے پر زیادہ فرق نہیں پڑے گا، سینیٹر عرفان صدیقی

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کابینہ اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں اضافہ کوئی طوفان انگیز بات نہیں ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ یہ بھی دیکھیں کہ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں پر ٹیکس کتنا کٹ رہا ہے؟ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ہر سال بڑھتی ہیں لیکن ارکان اسمبلی کی تنخواہیں سالانہ نہیں بڑھتیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے بتایا کہ ارکان اسمبلی کو 8 سے 10 سال پہلے جو تنخواہ تھی وہی مل رہی تھی، یہ نہ سمجھیں کہ خزانے پر اتنا بڑا بوجھ ڈال دیا ہے کہ خزانہ برداشت نہ کرسکے۔ ،

ان میں سے بہت سے اراکین بجلی گیس کا بل، مکان کا کرایہ دیتے ہیں، دور دراز علاقوں کا سفر بھی کرتے ہیں، وزرا اور ارکان اسمبلی کی تنخواہیں بڑھنے سے خزانے پر کوئی زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔

سینیٹر عرفان صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں کہاں ایسا ہوتا ہے کہ پارلیمنٹرینز تنخواہ نہیں لیتے یا انہیں نہیں لینی چاہیے، دنیا کے دیگر ممالک سے موازنہ کرنا چاہیے کہ ان کے پارلیمنٹرینز کی تنخواہیں کتنی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں