سنگدلی جہالت اور بے رحمی کی اس سے بڑی مثال اور کیا ہوگی کہ باپ پیسے کی خاطر اپنی اولاد کو ہی فروخت کردے، یہ واقعہ بھارت کے شہر حیدرآباد میں پیش آیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک بے رحم باپ نے اپنی 18 دن کی شیرخوار بیٹی کو ایک لاکھ روپے میں فروخت کردیا، پولیس نے باپ، خریدار اور سودا کروانے والی ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ حیدرآباد کے علاقے بنڈلہ گوڑہ محمد نگر کی 31 سالہ اسماء بیگم کے ہاں 18 روز قبل بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
اسماء بیگم کا شوہر 43 سالہ محمد آصف جو پیشے کے لحاظ سے رکشہ ڈرائیور ہے، نے اپنی نوزائیدہ بچی کو چاند سلطانہ نامی عورت کی مدد سے کرناٹک کے رہائشی منال سعد کو ایک لاکھ روپے میں اپنی بیٹی کو فروخت کردیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ وقوعہ کے چار روز بعد بچی کی والدہ نے شکایت کی جس پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 8جولائی کو محمد آصف اپنی 18 دن کی شیرخوار بیٹی کو لے کر گیا اور اسے فروخت کرکے رقم حاصل کی، بعد ازاں ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔