بدھ, اپریل 16, 2025
اشتہار

جھاڑو کے تنکوں سے بنے ’’جعلی زیرے‘‘ کی فروخت کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

زیرہ ہر کھانےکا لازمی حصہ اور ہر باورچی خانے میں موجود ہوتا ہے تاہم ناجائز منافع خور اب جھاڑو کے تنکوں سے جعلی زیرہ بنا کر فروخت کر رہے ہیں۔

انسانی صحت سے کھیلنے کا یہ مکروہ دھندا بھارت سے سامنے آیا ہے جہاں مارکیٹوں میں جعلی زیرہ فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور یہ زیرہ جھاڑو کے تنکوں سے بنایا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست اتر پردیش میں پولیس افسران نے خفیہ اطلاع پر زیرے کی ایک بڑی کھیپ کو پکڑٓا ہے اور اس میں ہزاروں کلو جعلی زیرہ برآمد کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ضبط شدہ کھیپ کی قیمت 60 لاکھ بھارتی روپے (پاکستانی تقریباً دو کروڑ روپے کے لگ بھگ) سے زائد ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ جعلی زیرہ ناریل کی جھاڑو کے تنکوں، گڑ اور گھاس ملا کر بنایا گیا تھا اور اس کو اصلی زیرے میں ملا کر مختلف شہروں میں سپلائی کیا جانا تھا۔

ملزمان کا جعلی زیرہ بنانے کا طریقہ یہ تھا کہ وہ جھاڑو بنانے کے بہانے سے ناریل کے درخت کی گھاس خریدتے تھے۔ اس گھاس کو پہلے زیرے کے سائز کے ٹکڑوں میں کاٹا جاتا تھا، اس کے بعد اسے گرم گڑ کے ساتھ ملا کر خشک کیا جاتا تھا تاکہ اسے اصلی زیرے کی شکل دی جا سکے، خشک ہونے کے بعد نقلی زیرے کو اصلی زیرے کے چھوٹے حصوں میں ملا کر بازار میں فروخت کیا جاتا تھا۔

پولیس نے جعلی زیرہ پکڑنے کے ساتھ کئی ملزمان کو بھی گرفتار کیا ہے جب کہ کچھ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے مذکورہ معاملے میں سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ مفرور ملزمان کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔

پولیس تحقیقات میں جعلی زیرہ بنانے والے افراد نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے نقلی زیرے کو اصلی زیرے کے ساتھ 80 سے 20 کے تناسب میں ملا کر بیچنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں