مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کے صاحب زادے چوہدری سالک حسین نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں والد کا اہم پیغام پہنچا دیا۔
سالک حسین نے لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی۔ دفتر پہنچنے پر ان کا استقبال سابق وزیر اعظم کے صاحب زادے حسن نواز نے کیا۔
سالک حسین نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نواز شریف سے پرانی اور آج کل جو کچھ چل رہا ہے اس پر بات ہوئی، والد صاحب نے کہا کہ نواز شریف کو سلام پہنچاو اور ان کی خیریت دریافت کرو، ملاقات میں ان سے درخواست کی ہے کہ وہ وطن واپس آئیں تاہم انہوں نے واپسی کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ لگتا نہیں ہے کہ ابھی اسمبلیاں توڑنے کا ارادہ ہے، مونس الٰہی نے حکومت میں جانے سے پہلے چوہدری شجاعت کو اعتماد میں نہیں لیا، مونس الٰہی جب چاہیں رابطہ کر سکتے ہیں مجھے کوئی مسئلہ نہیں، کوئی ذاتی مقاصد نہیں ملک کی بہتری کے لیے سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت ہی 2024 تک مسلم لیگ (ق) کے صدر ہیں، آئندہ الیکشن میں پارٹی کی قیادت چوہدری شجاعت حسین ہی کریں گے، جنہوں نے چوہدری شجاعت کو ہٹانے کی بات کی وہی شام کو آکر ساتھ بیٹھے ہوتے ہیں۔
سالک حسین نے کہا کہ دماغی توازن درست نہ ہونے کی باتیں کرنے والے شام کو ساتھ بیٹھے ہوتے ہیں، والد کا بڑا دل ہے آج بھی ان کے فون سنتے ہیں اور ملاقات کرتے ہیں، ان ہی لوگوں نے والد کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کی کوشش کی، فروری میں پی ٹی آئی والے کہتے تھے کہ الیکشن ہوا تو ہمارا کوئی مستقبل نہیں۔