جمعہ, جنوری 10, 2025
اشتہار

بانی نے کہا جوڈیشل کمیشن پر نہ مانا گیا تو چوتھی نشست نہ کریں، سلمان اکرم راجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ تیسری نشست پر جوڈیشل کمیشن پر نہ مانا گیا تو چوتھی نشست نہ کریں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کی کل بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی تو انہوں نے ہدایت کی تھی کہ تیسری نشست کر لیں اور تحریری مطالبات دے دیں، انہوں نے ہدایت کی تھی کہ تیسری نشست میں جوڈیشل کمیشن کی بات کریں اور اگر نہ مانا گیا تو چوتھی نشست نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کل اور آج بانی سے ملاقات کیلیے کوئی پی ٹی آئی رہنما نہیں آیا، جیل ذرائع

- Advertisement -

سلمان اکرم راجہ کے مطابق عمران خان نے واضح کیا کہ حکومت مذاکرات پر نہیں چلتی تو نہ مذاکرات نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بانی کو اپنے لیے جیل سے باہر آنے کی کوئی خواہش نہیں ہے بلکہ انہوں نے کہا ہے کہ رہنماؤں اور کارکنان کی ضمانت ہونی چاہیے۔

انہوں نے ککہا کہ عمران خان کو جیل میں رکھنا نظام کیلیے مشکل ہوتا جا رہا ہے، وہ کیلیے عہدہ اہم نہیں بلکہ وہ سمجھتے ہیں کہ لوگوں کا شعور بڑھ رہا ہے، پاکستانی عوام کے شعور میں جو اضافہ ہوا ہے وہ بانی کیلیے اطمینان کا باعث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان کی اسپیکر سے گفتگو ہوتی ہے وہ مذاکرات کی میزبانی کرتے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کو پتا ہے کہ پی ٹی آئی اس وقت کس جگہ کھڑی ہے، ہم نے حکومت کو آگاہ کر دیا ہے کہ مذاکرات کی اگلی نشست کیلیے تیار ہیں، حکومت کی طرف سے مذاکرات کی آئندہ نشست سے متعلق کوئی جواب نہیں آیا، آج عمران خان سے رفقا کی ملاقات ہوتی ہے ان کی طرف سے نام بھی دیے گئے، ہم نے کہا کہ رفقا کی جگہ مذاکراتی کمیٹی کو ہی معمول کی ملاقات کرنے دیں۔

’ہم نے معمول کی ملاقات کیلیے جیل حکام کو نام دیے اس کا بھی جواب نہیں دیا گیا۔ ہم نے یہ بھی کہا کہ جس کمرے میں معمول کی ملاقات ہوتی ہے وہیں کرنے دیں۔ ڈھائی سالہ تجربہ ہے کہ حکومت غصے میں بچگانہ قسم کے فیصلے کرتی ہے۔ حکومت کا مذاکرات سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا جلد سامنے آ جائے گا۔ مذاکرات سے متعلق ہم بالکل اطمینان سے بیٹھے ہیں حکومتی فیصلے کا انتظار ہے۔‘

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ایسا نہیں کہ بانی کے ٹوئٹ کی وجہ سے مذاکرات کا عمل رکا یہ پہلے ہی رکا ہوا تھا، مذاکرات کی دوسری نشست کے 5 دن بعد بانی پی ٹی آئی کا ٹوئٹ سامنے آیا، ایک طبقہ چاہتا ہے مذاکرات آگے بڑھیں لیکن بدقسمتی سے خواجہ آصف اس کا حصہ نہیں، کمیشن کا مقصد یہی ہے کہ ٹرتھ ری کنسیلئیشن کی بنیاد پر ملک کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں آگے بڑھیں تو سچائی کی بنیاد پر ہی بڑھیں، عمران خان کوئی ایسا سمجھوتا نہیں کریں گے جو اصولی اور قانونی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہاؤس اریسٹ قبول نہیں کریں گے مقدمات کا سامنا کریں گے، وہ جیل کاٹیں گے اور اسی کو اپنا تاریخی کردار سمجھتے ہیں، گزشتہ نشست پر حکومتی کمیٹی نے کہا تھا کہ ان کا کوئی مطالبہ نہیں ہے، اگر حکومت چاہتی ہے کہ مینڈیٹ چوری کو بھول جائیں تو ایسا نہیں ہوگا، حکومت چاہتی ہے کہ 8 فروری کی لوٹ مار پر مٹی ڈالیں تو ایسا نہیں ہو سکتا، پی ٹی آئی کی طرف سے 31 جنوری کی ڈیڈ لائن ہے جو تیزی سے قریب آ رہی ہے، تیسری نشست میں کمیشن کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ ہوا تو آگے نہیں بڑھیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں