لاہور: سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ نے پارٹی میں اختلافات پر کہا ہے کہ ہماری میٹنگز ہو رہی ہیں جلد معاملات طے پا جائیں گے۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی رہنما بیان بازی نہیں کر رہے بلکہ کچھ اصول اور قاعدے کی باتیں ہیںم ہم آئین اور قانون کی بات کر رہے ہیں شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اعظم سواتی اپنے طور پر بیان دے رہے ہیں میرے علم میں ایسا کچھ نہیں، پارٹی کے طور پر ایسا کچھ نہیں ہو رہا اعظم سواتی اپنی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان لفظی جنگ جاری
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں بنیادی حقوق بحال ہوں، کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ ہم پتلی گلی سے نکل جائیں گے تو ایسا نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اس لیے ملاقاتیں نہیں ہونے دی جا رہی کہ ابہام پیدا ہو۔
دو روز قبل پی ٹی آئی رہنماؤں میں اختلافات مزید کھل کر سامنے آئے تھے جبکہ سلمان اکرم راجہ نے عمران خان سے ملاقات کرنے والوں پر لفظی گولہ باری کی تھی۔
سلمان اکرم راجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان سے جیل میں ملاقات کیلیے میں نے 6 وکیلوں کی فہرست دی تھی لیکن ان میں سے 5 کے نام نکال دیے گئے اور جو پانچ لوگ دندناتے ہوئے گئے ان کا فہرست میں نام نہیں تھا۔
اس پر بیرسٹر علی ظفر نے ردعمل میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملنا ہر ایک کا حق ہے سلمان اکرم راجہ نے نیا تنازع کھڑا کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی ان کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بعد صرف میرا آرڈر چلتا ہے، میں کسی کو وضاحت نہیں دوں گا، میں چیئرمین ہوں پوری پارٹی مجھے وضاحت دے گی، میں صرف عمران خان کو جواب دہ ہوں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ میرے دستخط سے پارٹی میں لوگوں کو ٹکٹس ملتے ہیں، میں عمران خان کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا، یہ جان خدا کے بعد بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔