لاہور: اسلام آباد یونائیٹڈ کے سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم ابھی بھی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے اور ایلیمینیٹر میں فتح حاصل کرنے کی پورے کوشش کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے مڈل آڈر بلے باز سلمان علی آغا نے کہا کہ جو بھی ٹیم سامنے آئے، ہماری کوشش ہو گی کہ انہیں شکست دے کر فائنل کی راہ ہموار کریں۔
انہوں نے بولنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو اس شعبے میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری بولنگ میں کچھ کمزوریاں رہی ہیں۔
سلمان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر آخری اوورز میں ہم نے زیادہ رنز دیے، لیکن ہم اس پر کام کر رہے ہیں اور اسے بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ٹی20 فارمیٹ میں مومنٹم بہت اہم ہوتا ہے کہ اگر ٹیم کا مومنٹم صحیح سمت میں ہو تو نتائج اچھے آتے ہیں، ہم اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ مائک ہیسن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مائک ہیسن ایک بہترین کوچ ہیں، وہ ٹیم کا ماحول مثبت رکھتے ہیں اور کھلاڑیوں کو اعتماد دیتے ہیں۔ ان کی کوچنگ سے ٹیم کو فائدہ پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل 10 کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 210 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بناسکی۔
صاحبزادہ فرحان کی 52 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، سلمان علی آغا 44 اور رسی وین ڈر ڈوسن 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ایلکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جیمز نیشم 1، عماد وسیم 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، نسیم شاہ صفر پر عثمان طارق کا نشانہ بنے۔
عثمان طارق نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فہیم اشرف دو، محمد عامر، ابرار احمد اور محمد وسیم جونیئر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جو اسلام آباد کی ٹیم نہ بنا سکا وہ پاکستان ٹیم کیا بنائے گا؟ باسط علی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں 209 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 210 رنز کا ہدف دیا تھا۔