ٹی 20 کے بعد محمد رضوان کو ون ڈے کی کپتان سے بھی ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شان مسعود کی ٹیسٹ قیادت بھی خطرے میں پڑ گئی، سلمان علی آغا تینوں فارمیٹ کے کپتان بننے کے مضبوط امیدوار بن گئے۔
سابق کرکٹر باسط علی نے ایکس پر پوسٹ شیئر کی اور سلمان علی آغا کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ تینوں فارمیٹ کے کپتان، ریڈ بال کی کپتانی بھی مبارک ہو۔
واضح رہے کہ رضوان کی کپتانی میں ٹیم آسٹریلیا اور جنوبی افریقا میں تاریخی سیریز جیتی تھی لیکن چیمپئنز ٹرافی میں بدترین ناکامی اور نیوزی لینڈ میں شکست نے معاملہ بگاڑ دیا۔
ذرائع کے مطابق اختیارات نہ ہونے کی بات بھی رضوان کو ہٹائے جانے کی وجہ بن سکتی ہے۔
دوسری طرف شان مسعودکی کپتانی پر کافی عرصے سے تلوار لٹک رہی ہے، ان کی قیادت میں قومی ٹیم بارہ ٹیسٹ میں سے صرف تین ہی جیت سکی ہے۔
ٹیسٹ کی کپتانی کے لیے سعود شکیل کا نام بھی سامنے آرہا ہے لیکن بنگلادیش کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کامیابی سلمان کے لیے جیک پاٹ بن سکتی ہے۔