سابق کپتان سلمان بٹ نے بابر اعظم کو چیمپئنز ٹرافی میں بطور اوپنر بھیجنے کی مخالفت کردی۔
یوٹیوب چینل پر سابق کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ یہ صرف ایک افواہ ہے اور سلیکٹرز اس طرح نہیں سوچ رہے ہیں کیونکہ یہ غیرمنصفانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں مناسب اوپنرز کا استعمال کیا اور اب جب ہم مناسب حالات میں کھیلنے جارہے ہیں جہاں بیٹرز رنز بناسکتے ہیں جہاں پاکستان کو اوپر سے اچھی شروعات اور درمیانی اوورز میں استحکام کی ضرورت ہے۔
سلمان بٹ نے کہا کہ بابر اعظم 50 اوور کی کرکٹ میں مڈل آرڈر میں اچھا پرفارم کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ بابر کو اوپننگ کروانے کا سوچ رہے ہیں تو کیا مڈل آرڈر میں ان کا بیک اپ موجود ہے، کیا ہم نے جنوبی افریقا سیریز میں نہیں دیکھا کہ درمیان میں بابر اور رضوان کی شراکت کتنی اہم تھی۔
سابق کپتان نے کہا کہ میرے خیال میں ہمیں کسی دوسرے اوپنر کے ساتھ جانا چاہیے اور بابر اعظم کو اپنی پوزیشن پر ہی کھیلنا چاہیے یہی وہ جگہ ہے جہاں وہ سب سے زیادہ موثر ثابت ہوا ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز 19 فروری سے پاکستان اور یو اے ای میں کھیلے جائیں گے، پاکستان اپنا پہلا میچ 19 فروری کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔