کراچی : کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کے پیش نظر پی سی بی کا فیصلہ بہت اچھا ہے ، پی ایس ایل کے فینز مایوس نہ ہوں ، صورتحال بہتر ہوتےہی پی ایس ایل کے میچز دوبارہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل فائیو کے میچز ملتوی کرنے کے بعد اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا میری دو دن سے کوشش تھی کہ پی سی بی سے بات کروں اور کورونا کے باعث میچز ملتوی ہوں۔
سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کے پیش نظر پی سی بی کا فیصلہ بہت اچھا ہے ، پی سی بی نے فیصلےسے پہلے تمام فرنچائز مالکان سے مشورہ کیا، پی ایس ایل کے میچز وقتی طورپر ملتوی ہوئے ہیں ، صورتحال بہتر ہونے پر پی ایس ایل میچز ری شیڈول ہوں گے۔
کراچی کنگز کے مالک نے کہا کہ فکر صرف غیر ملکی کھلاڑیوں کی نہیں ،ملک اور قوم کی بات ہے، ہم پر پورے پاکستان کی ذمہ داری ہے، اس صورتحال میں خدانخواستہ کیسز بڑھتے ہیں تو ملک کو نقصان ہوگا۔
مزید پڑھیں : کرونا وائرس، پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کے میچز ملتوی کردیئے
ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑی پاکستان کو مایوس نہیں کرنا چاہتے تھے، اس لئے یہاں رکے، کورونا وائرس کے باعث ایسی صورتحال ہے، جوکبھی نہیں سوچ سکتےتھے، ہمارے ذہن میں بھی نہیں تھا کہ ایسی بیماری کی وجہ سے کھیل متاثر ہوں گے۔
سلمان اقبال نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کےفینز مایوس نہ ہوں ، اسوقت ہمیں اپنے اپنےگھروں میں رہناچاہیے اور خوف نہ پھیلائیں، صورتحال بہتر ہوتےہی پی ایس ایل کے میچز دوبارہ ہوں گے۔
کراچی کنگز کے مالک کا کہنا تھا کہ جب دوبارہ پی ایس ایل میچز ہوں تو چاہتاہوں فینز پہلے سے زیادہ جوش کیساتھ اسٹیڈیم آئیں۔
خیال رہے کروناوائرس کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ فائیو کے 2 سیمی فائنلز اور فائنل میچز ملتوی کردیئے اور کہا ہے کہ میچز کو ری شیڈول کیاجائے گا۔