ممبئی: بالی وڈ سُپر اسٹار سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ مداحوں اور فلمی ناقدین کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی جس کی ایک وجہ انڈسٹری کے دوستوں سے سپورٹ نہ ملنا بھی ہے۔
سلمان خان بالی وڈ میں فلم کی کامیابی کیلیے دوستوں کو ہمیشہ سپورٹ کرتے ہیں، انہوں نے دوبارہ ریلیز کے دوران اکثر فلموں جیسے کہ صنم تیری قسم، جوان اور لاپتا لیڈیز کیلیے آواز اٹھائی۔
حالیہ انٹرویو کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ دوسروں کی حمایت کرنے کے باوجود آپ کو بدلے میں کم سپورٹ ملتی ہے، اس پر سلمان خان کے جواب نے سب کے دل جیت لیے۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان پر بڑے حملے کی سازش ناکام بنا دی گئی
انہوں نے کہا کہ شاید وہ (بالی وڈ کے دوست) سمجھتے ہیں کہ مجھے ان کے سپورٹ کی ضرورت نہیں ہے لیکن مجھ سمیت سب کو سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔
اداکار نے فلم ’موہن لال‘ اور پرتھوی راج سوکمارن کی L2: Empuraan کی تشہیر کیلیے وقت نکالا جو ’سکندر‘ سے کچھ دن پہلے ریلیز ہوئی تھی۔ انہوں نے سنی دیول کی فلم ’جاٹ‘ کیلیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ماضی قریب میں سنی دیول، عامر خان اور سنجے دت نے سکندر کی تشہیر کی۔ سنی دیول نے فلم کیلیے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا لگائی جبکہ عامر خان نے سکندر کے ڈائریکٹر اے آر مروگاداس کے ساتھ ایک پروموشنل ویڈیو میں حصہ لیا۔
دوسری جانب سنجے دت سے ان کی فلم ’بھوتنی‘ کے ٹریلر لانچ کے دوران سکندر کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے سلمان خان سے اپنی دوستی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکندر سُپر ہٹ ثابت ہوگی۔
ویب سائٹ فلم فیئر نے ’سکندر‘ کو 2.5 ریٹنگ دی اور تبصرہ کیا کہ فلم میں ایک بیانیہ کی کمی ہے اور یہ ایک بہت ہی کم تجربہ پیش کرتا ہے، فلم ایک کھوئے ہوئے موقع کی طرح محسوس ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ فلم میں سلمان خان کے علاوہ رشمیکا مندانا، کاجل اگروال، انجینی دھون، پرتیک سمیتا پاٹل، ستھیا راج اور شرمن جوشی سمیت دیگر اداکاروں کا کردار ادا کیا۔