ممبئی: فلمساز ونے سپرو کا کہنا ہے کہ اگر فلم ’صنم تیری قسم‘ 1990 میں بنتی تو سُپر اسٹار سلمان خان مرکزی کردار کیلیے کاسٹ کیے جاتے کیونکہ وہ اُس دور کے رومانوی ہیرو تھے۔
ونے سپرو نے رادھیکا راؤ کے ساتھ مل کر ’صنم تیری قسم‘ کی ہدایت کاری کی تھی۔ حال ہی میں جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر یہ فلم 90 کی دہائی میں بنتی تو اس میں کون اداکاری کرتا تو انہوں نے بتایا کہ ’وہ اداکار 100 فیصد سلمان ہی ہوتے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ اُس دور میں سلمان خان کی آنکھوں میں معصومیت، لڑکی کی طرف دیکھنے کا منفرد انداز، سوچ اور جذبات تھے، وہ ا90 کی دہائی کے پرفیکٹ رومانٹک ہیرو تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ’صنم تیری قسم‘ نے ہمیش کی فلم کو پیچھے چھوڑ دیا
سلمان خان کی تعریف کرتے ہوئے ونے سپرو نے کہا کہ سُپر اسٹار کے ساتھ کون کام نہیں کرنا چاہے گا؟ وہ 30 سال سے بڑی فلمی شخصیت ہیں جن کی کوئی مثال نہیں ملتی، ہم صرف صحیح اسکرپٹ اور صحیح وقت کا انتظار کر رہے ہیں، جب بھی موقع ملا ان کے ساتھ دوبارہ کام کریں گے۔
یاد رہے کہ فلمساز اور اداکار 2005 کی فلم ’لکی‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ رومانوی فلم رادھیکا اور ونے سپرو نے لکھی اور ڈائریکٹ کی تھی، اس میں اسنیہا اُلال نے بھی اداکاری کی تھی۔
فلم ’صنم تیری قسم‘ (2016) ایک رومانوی ڈرامہ فلم ہے جس میں اداکار ہرش وردھن رانے اور پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے کام کیا تھا۔
سلمان خان کی فلموں کی بات کریں تو وہ اپنی اگلی فلم ’سکندر‘ میں ساؤتھ انڈین اداکارہ رشمیکا مندانا کے ساتھ نظر آئیں گے، اے آر مروگاداس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم عید پر ریلیز ہونے والی ہے۔