پیر, اکتوبر 28, 2024
اشتہار

بھارت کی سڑکوں پر سلمان اور سلیم خان کے پتلے نذر آتش

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بھارت کی سڑکوں پر نامور بالی وڈ اداکار، مصنف و فلم پروڈیوسر سلیم خان اور بیٹے سُپر اسٹار سلمان خان کے پتلے نذر آتش کیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نامور سیاستدان بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلیم خان کی فیملی کیلیے سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات اٹھائے گئے۔

گینگسٹر لارنس بشنوئی کی طرف سے ملنے والی مسلسل قتل کی دھمکیوں کے بعد سے سلمان خان عوامی سطح پر سامنے آنے سے گریزاں ہیں۔

- Advertisement -

گزشتہ روز بشنوئی برادری نے ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں احتجاج کیا جہاں انہوں نے سلیم خان اور سلمان خان کے پتلے جلائے۔

دراصل سلیم خان نے چند روز قبل دیے گئے اپنے بیان میں کالے ہرن شکار کیس میں سلمان خان کی بے گناہی ظاہر کی تھی جس پر بشنوئی برادری غصے کا اظہار کر رہی ہے۔

بشنوئی برادری نے بیان جاری کیا ہے کہ ہم بشنوئی ہیں اور ہم کسی کو ایسے ہی بدنام نہیں کرتے، 26 سال قبل جب مقدمہ درج ہوا تھا تو اس وقت ہماری برادری کے ایم ایل اے سمیت کئی معززین موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ سلیم خان جھوٹے بیانات دے کر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے، ان کے بیان سے پوری کمیونٹی کو دکھ پہنچا ہے، ہم کالے ہرن شکار کیس میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

نامور اداکار و فلم پروڈیوسر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میرا بیٹا کسی بھی جانور کو تکلیف نہیں دے سکتا۔

کیس میں سلمان خان کے بری ہونے کے باوجود بشنوئی برادری نے نہ صرف انہیں ذمہ دار ٹھہرایا بلکہ معافی کا بھی مطالبہ کر رہی ہے۔ کالے ہرن کو یہ کمیونٹی انتہائی مقدس تصور کرتی ہے۔

سلمان خان اور والد نے لارنس بشنوئی کی طرف سے دھمکیاں ملنے کے بعد ممبئی پولیس سے رابطہ کیا تھا۔ اپریل میں ان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک ملزمان نے فائرنگ بھی کی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں