بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس: ’’ میرے پانچ بچے سامنے جل کر مرے‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کیس کو عالمی عدالت لے جانے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کےمتاثرین نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ کےباہراحتجاج کیا اور بھارتی حکومت سمیت وزیراعظم مودی کےخلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین کاکہنا تھامودی نےملی بھگت سےدہشت گردی میں ملوث شخص کو رہا کرایا۔ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

احتجاج کرنے والے متاثرین کو  سینیٹر رحمان ملک نے کمیٹی روم میں بلایا جہاں سانحہ کے چشم دید گواہ اور متاثرہ شخص رانا شوکت علی نے بتایا کہ جس بوگی میں سوار تھا اُس میں سب سے پہلے دھماکا ہوا اور پھر ہر طرف کیمیکل دھوئیں کے بادل چھا گئے، میرے پانچ بچے میرے ہی سامنے جل کر مر گئے مگر میں کچھ نہ کرسکا۔

سینیٹر رحمان ملک کا متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ انصاف ملنے تک سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے لواحقین کیساتھ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو ہر حال میں انصاف ملے گا ہم بھارتی عدالت کے فیصلے کو عالمی عدالت میں چلینج کر کے شہید پاکستانیوں کا حساب لیں گے۔

دھماکے کے بعد ہرطرف کیمیکل دھوئیں کے بادل چھا گئے تھے، اپنے پانچ بچوں کو آنکھوں کے سامنے مرتا دیکھا، عینی شاہد

اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس پر سیاست کر رہا ہے، بھارتی عدالت نے متاثرین اور گواہان کے مؤقف کو نہیں سُنا اور دہشت گردی کو چھپانے کے لیے تمام شواہد بھی فوری مٹا دیے گئے تھے۔ رحمان ملک نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس کیس کو عالمی عدالت لے کر جائے گا۔

رحمان ملک کا مقدمہ عالمی عدالت لے جانے کا اعلان

یاد رہے کہ 18 فروری 2007ء کو سمجھوتا ایکسپریس پر دہشت گرد حملے میں 44 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ بھارتی عدالت دھماکوں کے مرکزی کردار سوامی اسیم آنند سمیت چار ملزمان کو بے گناہ قرار دے کر بری کرچکی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں