ممبئی : بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کی فلم "سمراٹ پرتھوی راج” کو باکس آفس پر بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کا ذمہ دار اکشے کمار کو قرار دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ فلم تقریباً 300 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی گئی تھی لیکن اب تک صرف 80 کروڑ روپے ہی کما پائی ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر چندر پرکاش دویدی کا کہنا ہے کہ اس فلم کی ناکامی اکشے کمار کے سر ہے کیونکہ انہوں ایک پان مسالہ کے متنازع ٹی وی اشتہار میں کام کیا جس پر لوگوں نے انہپیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
اکشے کمار تاریخی کردار پر مبنی فلم سمراٹ پرتھوی راج میں بڑے پردے پر نظر آئے، چندر پرکاش دویدی کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 3 جون کو سینما گھروں کی زینت بنی لیکن جلد ہی باکس آفس پر ناکامی سے دوچار ہوئی۔
ریلیز کے فوراً بعد ہی اس فلم کو فلاپ قرار دے دیا گیا۔ اس فلم میں مانوشی چھلر، سونو سود اور سنجے دت سمیت کئی دیگر اداکاروں نے بھی کام کیا۔
بھارت کے ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے چندر پرکاش دویدی نے کہا کہ اکشے کے ماضی کے رویے اور پان مسالہ سے متعلق لوگوں کی تنقید نے فلمی شائقین کو کافی حد تک خلاف کردیا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اپنے ایک بیان میں ہدایت کار دویدی نے مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے اپنی پہلی پسند کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 18 سال قبل”سمراٹ پرتھوی راج کی کہانی مرکزی کردار سنی دیول کے بارے میں سوچتے ہوئے لکھی گئی تھی۔