لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف احتساب کا عمل آگے لے کر چلنا چاہتی ہے، نیب خود مختار ادارہ ہے اس کی کارروائی کو ویلکم کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے ساتھ آج جو رویہ اختیار کیا گیا وہ قابل مذمت ہے، میری درخواست ہے یہ اپنے لوگوں کی ٹریننگ کروائیں۔
صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف احتساب کا عمل آگے لے کر چلنا چاہتی ہے، نیب جب ہاتھ ڈالتا ہے تو یہ کہا جاتا ہے حکومت کر رہی ہے۔ کرپشن کے خلاف کارروائی کرنے والوں کو ویلکم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی کارروائی میں کڑواہٹ پیدا کی جا رہی ہے تاکہ توجہ ہٹ جائے۔ نیب خود مختار ادارہ ہے اس کی کارروائی کو ویلکم کرتے ہیں۔ جن رویہ اور الفاظ کا چناؤ کیا گیا وہ کس کو خوش کرنے کی کوشش تھی۔ جو الفاظ کہے گئے وہ کیا کسی پارلیمنٹیرین کو زیب دیتے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک احمد کہہ ہی نہیں سکتے کہ ان کے ایم پی ایز کا رویہ ٹھیک تھا، بل اکثریت رائے سے منظور ہوتا ہے۔ گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کہیں نہیں جا رہے۔
صمصام بخاری نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ کابینہ ممبران چین گئے ہیں، تحریک انصاف میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سے شور شرابے اور تلخ کلامی کے باعث مسلم لیگ ن کے ارکان اشرف رسول، عظمیٰ بخاری اور عبد الرؤف کی رکنیت معطل کردی گئی۔
ڈپٹی اسپیکر نے مسلم لیگ ن کے 3 ارکان کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، معطلی کا شکار ارکان ایوان کی کارروائی میں حصہ لے سکیں گے نہ ہی اسمبلی حدود میں آسکیں گے۔