لاہور: پنجاب کے وزیراطلاعات صمصام بخاری نے کہا ہے کہ شہبازشریف اور ان کے حواریوں نے میگا پراجیکٹس کے نام پر قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔
اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر سیدصمصام علی بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت کو استعفیٰ دینے اور اسلام آباد مارچ کی دھمکیاں دینے والے پہلے اپنی لوٹ مار کا حساب دیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو کرپشن، بدعنوانیوں اور قومی خزانے پر ڈاکہ مارکنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا مینڈیٹ دیا ہے، وزیراعظم عوامی امنگوں پر ضرور پورا اتریں گے۔
دورہ امریکا سے پرچی وزیر اعظم اور حقیقی قائد کا فرق واضح ہوگیا: صمصام بخاری
ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ اپوزیشن ٹولے کے شور اور پراپیگنڈے کا واحد مقصد لوٹ مار کی رقم اور اثاثے بچانا ہے، ہماری حکومت اپوزیشن کے کسی دباﺅ میں نہیں آئے گی، لوٹ مار کر کے اپنی تجوریاں بھرنے والوں کو اپنے کئے کی سزا بھگتنا ہوگی۔
صمصام بخاری نے کہا کہ نئے پاکستان میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں ہے، عوام نے ملک کو کنگال کر کے دوسرے ملکوں میں بھاگ جانے والے سیاسی بھگوڑوں کو ہمیشہ کے لئے مسترد کر دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور کرپشن دو متضاد چیزیں ہیں، شہبازشریف اور ان کے حواریوں نے میگاپراجیکٹس کے نام پر قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، شہبازشریف ڈیلی میل کے خلاف جو ڈرامہ کر رہے ہیں ایسی حرکتیں وہ پہلے بھی کر چکے ہیں۔