لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ لوٹی دولت سے ایک دوسرے کی دعوتیں عوام سے کھلا مذاق ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے مریم نواز اور بلاول بھٹو کے ظہرانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کرپشن کے نئے طریقوں پر بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں چارٹر آف پروٹیکشن آف کرپشن پر دو طرفہ گفتگو ہوگی، لوٹی دولت سے ایک دوسرے کی دعوتیں عوام سے کھلا مذاق ہے۔
صمصام بخاری نے کہا کہ وزیراعظم کا واضح وژن ہے لوٹ مار پربلا امتیاز کارروائی ہوگی، دونوں نے ایک دوسرے پرکرپشن کے مقدمات بنائے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اچھا ہوتا مریم پہلے اپنے ووٹروں سے معافی مانگ لیتیں، بلاول بھی میاں صاحبان پرزرداری صاحب کے خطاب بھول گئے۔
انہوں نے کہا کہ ممکن ہے دونوں 24 ہزار ارب کا قرض مل کر ادا کرنے کا اعلان کر دیں، نوازلیگ اورپیپلزپارٹی کا اکٹھے ہونا صدی کا سب سے بڑا تضاد ہے۔
صمصام بخاری نے کہا کہ نوازلیگ اورپیپلزپارٹی کی درون خانہ ڈیل 2013 میں سامنے آ گئی تھی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی دعوت پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج جاتی امراء پہنچیں گے۔