اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

گلیکسی نوٹ سیون کے ہمراہ سفر نہ کریں،پی آئی اے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پی آئی اے نے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ حال ہی میں متعارف کرائے جانے والے سام سانگ گلیکسی نوٹ 7 اپنے ساتھ لے کر طیارے میں سفر کرنے سے گریز کریں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزکی جانب سے یہ ہدایت ان رپورٹس کے سامنے آنے کے بعد جاری کی گئیں جن میں کہا گیا تھا کہ اس نئے اسمارٹ فون کی بیٹریوں میں خرابی ہے جس کہ وجہ سے وہ دھماکے سے پھٹ سکتی ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ ’سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 کے حوالے سے سامنے آنے والی حالیہ رپورٹس اور عالمی سطح پر مسافروں کو خبردار کیے جانے کے بعد پی آئی اے بھی اپنے تمام مسافروں کو خبردار کرتا ہے کہ وہ سفر کے دوران گلیکسی نوٹ 7 ساتھ رکھنے سے گریز کریں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ اس سیٹ کو اپنے سامان میں بھی رکھنے سے گریز کریں کیوں کہ اس سے طیارے اور مسافروں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

خیال رہےکہ گزشتہ ہفتے اسمارٹ فون بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی سام سنگ نےاپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ گلیکسی نوٹ 7 کی فروخت معطل کررہی ہے اور دنیا بھر میں بھیجے گئے 25 لاکھ سیٹ بھی واپس منگوائے جارہے ہیں۔

واضح رہے اس سے قبل دیگر ملکوں کی ایئرلائنز قنطاس، ورجن آسٹریلیا اور اتحاد ایئرلائنز بھی اس حوالے سے انتباہ جاری کرچکی ہیں اور مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دوران پرواز مذکورہ سیٹ کو استعمال اور چارج کرنے سے گریز کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں