کراچی: قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے ڈراپ کیے جانے پر طنزیہ ٹویٹ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان خواتین ٹیم کی سپر اسٹار ثنا میر ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی ٹیم سے ڈراپ ہونے پر ناراض ہوگئی اور ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنی دل کی بھڑاس نکالنے کی کوشش کی۔
ثنا میر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سپر اسٹار ہیں اور ون ڈے رینکنگ کی نمبر ون بولر ہیں، ون ڈے میں وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی اسپنر بھی ہیں۔
چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے گزشتہ روز ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں ثنا کو ٹی ٹوینٹی کے لیے ورلڈ کپ ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔
ثنا نے دل کی بھڑاس ٹویٹ کے ذریعے نکالتے ہوئے کہا کہ ’مسخرے کو مسخرہ پن کرنے پر الزام نہ دیں، اپنے آپ سے پوچھیں کہ سرکس میں کیوں جاتے ہیں؟‘
Don't blame a clown for acting like a clown. Ask yourself why you keep going to the circus.
— Sana Mir ثناء میر (@mir_sana05) January 20, 2020
انہوں نے یہاں سرکس تو کرکٹ کو کہا اور مسخرہ کسے کہا یہ سمجھنا مشکل نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں پندرہ رکنی قومی ٹیم کی قیادت بسمعہ معروف کریں گی، میگا ایونٹ اکیس فروری سے آسٹریلیا میں شیڈول ہے۔ پاکستان ویمنز کا پہلا مقابلہ چھبیس فروری کو ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے ہوگا۔
قومی ویمنز ٹیم کی دیگر کھلاڑیوں میں ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، ارم جاوید جویریہ ودود، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔