کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ثنا نامی ایک خاتون کو اس کے شوہر اور بیٹوں نے مل کر بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے پرفیوم چوک میں ثنا نامی ایک خاتون کو علیحدگی پر اس کے شوہر اور اپنے ہی بیٹوں نے لہولہان کر دیا۔
زخمی خاتون ثنا نے بتایا ’’2 ماہ ہو گئے میری اپنے شوہر عدنان سے علیحدگی ہو گئی ہے، میں نے خلع کا دعویٰ دائر کیا ہے اور میں اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ الگ رہتی ہوں۔‘‘
ثنا کا کہنا تھا کہ شوہر اور بڑے بچے ان پر گھر واپسی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، انھوں نے بتایا ’’پرسوں شوہر عدنان اور بچوں نے اچانک میرے گھر آ کر مجھے ہاتھ پیر باندھ کر مارا پیٹا، میرا گلا گھونٹا، شوہر نے مجھے چین سے مارا جس سے سر اور چہرے پر چوٹیں آئیں۔‘‘
اسما کا قتل؟ اہل خانہ کا تشدد ہونے کا الزام، پولیس کا پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شواہد نہ ملنے کا دعویٰ
خاتون کا کہنا ہے کہ ان پر تشدد کرنے میں شوہر اور بیٹوں کے لیے علاوہ ساس بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ ثنا کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی مرہم پٹی کی گئی اور سی ٹی اسکین کیا گیا، سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کی حالت بہت خراب دکھائی دے رہی تھی۔
زخمی خاتون ثنا نے اپنے شوہر عدنان کے خلاف شارع فیصل تھانے میں تحریری درخواست دے دی ہے، پولیس نے تصدیق کر دی، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے میڈیکولیگل رپورٹ کی روشنی میں مقدمہ درج ہوگا۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ میڈیکل لیٹر لینے کے بعد تاحال خاتون مقدمے کے اندراج کے لیے نہیں آئی، مقدمے کے اندراج کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔