بدھ, اکتوبر 16, 2024
اشتہار

9مئی کے مقدمات؛ ‘ملزمہ صنم جاوید بیمار ہیں عدالت نہیں آئی‘

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کارکن اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کر دی۔

انسدادد ہشتگردی عدالت میں مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے سمیت 9 مئی کے دیگر مقدمات کی سماعت جج ارشد جاوید نے کی۔

عدالت نے صنم جاوید کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ملزمہ کے گزشتہ سماعت پر وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے آج کیوں پیش نہیں ہوئی؟ جب وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہوں تو حاضری معافی کی درخواست دائر نہیں ہو سکتی۔

- Advertisement -

صنم جاوید کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ بیمار ہیں۔

اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ اگر بیمار ہیں تو ملزمہ کا میڈکل پیش کیوں نہیں کیا گیا؟ ملزمان کے غیر حاضر ہونے سے ٹرائل تاخیر کا شکار ہو رہا ہے، آئندہ سماعت پر تمام ملزمان ٹرائل کیلیے پیش ہوں۔

یاد رہے کہ عدالت نے عدم پیشی پر صنم جاوید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

10 اگست کو انسداد دہشتگردی عدالت میں تھانہ شادمان حملے سمیت 9 مئی کے دیگر مقدمات پر سماعت ہوئی تھی اور عدالت نے ملزمہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عدالت نے روبینہ جمیل کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کر دی تھی جس کے بعد روبینہ جمیل حاضری معافی کی درخواست خارج ہونے پر عدالت پہنچ گئی تھیں۔

عائشہ علی بھٹہ بھی حاضری معافی کی درخواست خارج ہونے پر پیش ہوئی تھیں تاہم پیش ہونے پر عدالت نے 2 خواتین کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے تھے۔

عدالت نے کہا تھا کہ ملزمان کے غیر حاضر ہونے سے ٹرائل تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔

صنم جاوید پر مختلف سیاسی واقعات کے سلسلے میں متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ان کا نام 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں درج مقدمات میں شامل کیا گیا تھا۔ انہیں ان واقعات میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔

ان کے خلاف دیگر مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں جن میں ان پر نامناسب زبان استعمال کرنے اور دیگر الزامات شامل ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں