سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کو رہائی ملنے کے بعد جیل سے نکلتے ہی پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا۔
پی ٹی آئی کی خواتین رہنما صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو رہائی نہ مل سکی۔ صنم جاوید جب جیل سے رہا ہو کر نکلیں تو انہیں گوجرانوالہ پولیس نے حراست میں لیا جبکہ روبکار جیل نہ پہنچنے پر عالیہ حمزہ کو رہائی نہ مل سکی۔
یاد رہے کہ دونوں رہنماؤں کی انسداد دہشتگردی عدالت سے ضمانت ہو چکی ہے۔
آج انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی ضمانت منظور کی جبکہ انہیں تھانہ موسیٰ خیل کے چوتھے مقدمے میں بھی عبوری ضمانت منظور دی گئی۔
اس سے قبل سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے روبکار تیار ہیں کل سے جیل میں ہی رکھا ہوا ہے، ایس پی جیل خانہ جات کہہ رہے ہیں ان پر پریشر ہے چھوڑ نہیں سکتا۔
خیال رہے کہ جنوری میں بھی صنم جاوید کو ایک مقدمے میں رہائی ملنے کے بعد دوسرے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ان کی (ن) لیگ کا دفتر جلانے کے کیس میں بعداز گرفتاری ضمانت منظور ہوئی تھی۔