کراچی: پاکستانی کی معروف اداکارہ صنم سعید نے مداحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوسروں کی زندگی کے بارے میں سوچنے کے بجائے اپنے کردار کو بہتر کرنے کی طرف توجہ دیں۔
سماجی رابطے کی فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام پر صنم سعید نے اپنی تصویر شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے ایک طویل معنی خیز پیغام بھی تحریر کیا۔
صنم نے اپنی تحریر کا آغاز سوال سے کیا اور پوچھا کہ ’کیا آپ ہر چیز میں اچھائی تلاش کررہے ہی؟ خود بہترین بننے کی کوشش کررہے ہیں؟ ، اگر ایسا کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے ہمیں اپنی نیت صاف کرنا ہوگی ، پھر اپنے اعمال اور ارادوں کی طرف بھی دیکھنا ہوگا‘۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’قرنطینہ میں رہنے کی وجہ سے ہر شخص کی صورت حال خراب ہوتی جارہی ہے کیونکہ اب ہمارے پاس دوسرے کے بارے میں سوچنے کا بہت وقت ہے۔‘ اُنہوں نے لکھا کہ ’دوسروں کی زندگی کے بارے میں فکر کرنا چھوڑ دیں اور ہر شخص کے اندر خامیوں کو تلاش کرے، آیئے زندگی کو اپنا دوست بنائیں اور زندگی میں مواقع ملنے پر اللّہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا منفی استعمال نہ کریں، اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کی کوشش کریں، ہم پھر خود اور پھر معاشرے کو تبدیل کرسکتے ہیں‘۔
صنم سعید نے آخر میں لکھا کہ ’میں نے اپنے احساسات اور جذبات انگریزی زبان میں اس لیے تحریر کیے کیونکہ میں انگریزی ہی سوچتی ہوں اور آج کل سوشل میڈیا صارفین کو بھی یہ زبان آسانی سے سمجھ آجاتی ہے’۔