سری لنکن کرکٹ بورڈ نے لیجنڈری اوپنر سنتھ جے سوریا کو بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں سری لنکا کی ٹیم گروپ مرحلے سے باہر ہوگئی تھی جس کے بعد کنسلٹنٹ مہیلا جے وردھے مستعفی ہوگئے تھے، اب سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کرس سلور ووڈ کی جگہ سنتھ جے سوریا کو عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ سنتھ جے سوریا اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کے تجربے کی بدولت ٹیم کی رہنمائی کے لیے اچھی پوزیشن میں ہیں۔
جے سوریا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کرکٹ نے ٹیم کی کوچنگ کے لیے رابطہ کیا تھا جسے انہوں نے قبول کرلیا ہے۔
سابق اوپنر کا کہنا تھا کہ میں ٹیم کی کوچنگ کے لیے پرجوش ہوں۔
واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپریل 2022 میں سلور ووڈ کو ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا اور ان کی کوچنگ میں آئی لینڈرز نے 2022 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی لیکن 2023 ورلڈ کپ میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی تھی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں بھی سری لنکا کی ٹیم پہلے مرحلے میں ہی باہر ہوگئی تھی۔