اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے رکن قومی اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل کی بجٹ سیشن سے معطلی کے خلاف اہم اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے رکن اسمبلی کی معطلی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل صبح 10 بجے طلب کر لیا ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے، ثنا اللہ مستی خیل کو اپنی غلطی کا احساس ہے اور وہ معذرت کرنے کو تیار تھے لیکن اسپیکر ایاز صادق نے آج کے دن کیلیے معطلی کا ہمارا مطالبہ نہیں مانا۔
میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اہم اجلاس میں معطلی زیادتی ہے۔
پس منظر
آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں ثنا اللہ مستی خیل کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا جس پر ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ ان کا مائیک بند کر دیا تھا۔
بعدازاں پی ٹی آئی رکن کے ریمارکس پر ایوان میں شور شرابہ کیا گیا۔ حکومتی خواتین ارکان اسپیکر کے چیمبر میں جا پہنچیں اور پی ٹی آئی رکن کی معطلی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ حکومتی ارکان کے احتجاج پر ثنا اللہ مستی خیل کی رکنیت معطلی کا فیصلہ کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے بیان میں کہا کہ ثنا اللہ مستی خیل نے اسمبلی رولز کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، ان کی بجٹ کے مکمل سیشن میں رکنیت معطل کی جاتی ہے۔
ایوان نے پی ٹی آئی رکن کی رواں اجلاس کیلیے معطلی کی تحریک منظور کر لی۔ اسپیکر نے کہا کہ 2002 سے ایوان کا حصہ ہوں آج تک مائیک پر ایسے الفاظ استعمال نہیں ہوئے۔