بیجنگ: امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے روس پر عائد کی جانے والی پابندیوں پر چینی وزیر خارجہ کا اہم بیان آگیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ڈچ ہم منصب ووپکے ہوکیسٹرا سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ روس پر بڑھتی پابندیاں عالمی اقتصادی بحالی کے عمل کو پیچیدہ بنارہی ہیں۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور یورپ روس پر پابندیاں لگاتے رہتے ہیں جس سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پرامید تھے کہ تمام فریق مخالفانہ طرز عمل اپنانے کی بجائے امن مذاکرات کو آسان بنانے کے لیے مزید کوششیں کرسکیں گے لیکن اس کے برعکس ہورہا ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری جلد جنگ بندی کی منتظر ہے اور یہ عمل چین کی امیدوں اور توقعات کے مطابق بھی ہے۔
مزید پڑھیں: روس کا یوکرین پرعالمی دہشتگرد تنظیم کے استعمال کا الزام
انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین پہلے ہی مذاکرات کے چار دور کرچکے ہیں اگرچہ پیش رفت سست ہے لیکن اگر بات چیت جاری رہتی ہے تو جنگ بندی اور پر امن مستقبل کی امید ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ بیجنگ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز روس نے یوکرین کیخلاف جنگ میں چین سے مدد مانگنے کا امریکی دعویٰ مسترد کردیا تھا۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘روس کے پاس آپریشن جاری رکھنے کی اپنی صلاحیت ہے۔‘
اس معاملے پر چینی وزارت خارجہ کا بھی ردعمل سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ امریکا یوکرین کے معاملے پر چین کو نشانہ بناتے ہوئے غلط معلومات پھیلا رہا ہے جو بدنیتی پر مبنی ہے، فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی کو ہوا دینے کے بجائے حالات کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کریں۔