سانگھڑ: جی ڈی اے رہنما سائرہ بانو نے کہا ہے کہ ضلع سانگھڑ کے تیل و گیس کی رائلٹی کے اربوں روپے کہاں خرچ ہوتے ہیں کچھ پتا نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے کی رہنما سائرہ بانو نے نیشنل پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیل و گیس کی نعمت سے مالا مال ضلع سانگھڑ مسائل کا گڑھ بن گیا ہے، سانگھڑ میں 460 اسکول بند ہیں، تعلیم تباہ ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سانگھڑ کے اسپتالوں میں علاج کی سہولیات موجود نہیں ہیں، امن و امان کی صورتحال خراب ہے، شام کے بعد لوگ گھروں سے نہیں نکلتے۔
گٹکا، آئس اور دیگر منشیات عام ہوگئی ہے، نوجوان تباہ ہورہے ہیں، پولیس منشیات چلوانے کے ماہانہ کروڑوں روپے بھتہ وصول کرتی ہے۔
سائرہ بانو نے مزید کہا کہ پینے کا صاف پانی نہ ملنے سے جگر کے امراض میں اضافہ ہورہا ہے، شہداد پور میں ایک ارب کی لاگت سے بننے والا صاف پانی کا منصوبہ ناکام ہوچکا ہے۔