ممبئی: بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستان کرکٹر کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے اپنی اور شوہر کی دیرینہ خواہش بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں ہمارے گھر پہلی اولاد لڑکی ہو جس کا نام ہم مرزا ملک رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر گوا میں سجے فیسٹیول میں صنفی امتیاز پر گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ’میں ، میرے شوہر اور ہمارے اہل خانہ کی خواہش ہے کہ لڑکی کی پیدائش ہو‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’میرے شوہر شعیب ملک بھی بیٹی کی پیدائش کے خواہش مند ہیں‘۔ ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ آج میں آپ کو اپنےاور شوہر کا سب سے بڑا خفیہ راز بتاتی ہوں کہ ہم نے یہ طے کیا ہوا ہے کہ بچی کا نام دونوں خاندانوں کو کے ملا کر رکھا جائے گا جیسے میرا خاندانی نام ’مرزا‘ اور شعیب کا ’ملک‘ ہے۔
ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ہماری دیرینہ خواہش ہے کہ گھر میں لڑکی کی پیدائش ہو جس کا نام ہم ’مرزا ملک‘ رکھیں گے اور یہ بات دونوں خاندان بھی طے کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: ثانیہ مرزا کا دورہ پاکستان ، لاہور میں سیر سپاٹے
بھارتی ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ جب میں نے کھیل کے میدان میں قدم رکھا تو ابتدائی ایام میں صنفی امتیاز کا سامنا کرنا پڑا تاہم مجھے میرے والدین اور خاندان نے بہت سپورٹ کیا جس کی وجہ سے آج میں اس مقام پر پہنچی ہوں‘۔
شعیب ملک کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ میں نے شادی کے بعد بھی اپنا خاندانی نام تبدیل نہیں کیا کیونکہ اب یہ میری پہچان ہے اور دنیا بھر میں میرے مداح یا ساتھی کھلاڑی ثانیہ مرزا کے نام سے ہی جانتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کی سالگرہ ، شعیب ملک نے میچ وننگ سنچری اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کے نام کردی
یاد رہے کہ شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا 12 اپریل 2010 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور اب تک اُن کی زندگی کامیابیوں و کامرانیوں کے ساتھ گزر رہی ہے۔