کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ کیس میں فیکٹری مالکان کو بے گناہ قرار دینے کی رپورٹ مسترد کردی۔ جج نے فیکٹری مالکان کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا.
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسرکی رپورٹ پر جج نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مالکان پر فیکٹری کے دروازے دانستہ بند کرنے کا الزام ہے، ان کو کیسے بے قصور قرار دیا جاسکتا ہے؟
انسداد دہشت گردی عدالت نے فیکٹری مالکان عبدالعزیز بھائلہ،ارشد بھائلہ،شاہد بھائلہ اور منیجرمحمد منصور کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے مزید نوملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ ملزمان میں فیکٹری ملازم شاہ رخ ، زبیر چریا، علی حسن قادری ،عمر حسن، اقبال ادیب اور دیگر شامل ہیں۔ عدالت حماد صدیقی اور رحمان بھولا کے ناقابل ضمانت وارنٹ پہلے ہی جاری کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ گیارہ ستمبر دوہزار بارہ کو فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں ڈھائی سو سے زائد مزدور زندہ جل کر جاں بحق ہو گئے تھے۔