اسلام آباد : دفتر خارجہ نے سمجھوتہ ایکسپریس کے تمام ملزمان کی رہائی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارتی عدالت کی جانب سے سمجھوتہ ایکسپریس کے تمام ملزمان کی باعزت رہائی پر شدید احتجاج کیا ہے، دفتر خارجہ نے اس سلسلے میں بھارتی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے ملزمان کی رہائی پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق بھارتی حکام کی غفلت کے باعث ملزمان رہا ہوئے، پاکستان بارہا اس کیس میں پیشرفت نہ ہونے کا معاملہ اٹھاتا رہا ہے، مذکورہ معاملہ2016میں بھی ہارٹ آف ایشیا میٹنگ کے موقع پر اٹھایا گیا تھا، ملزمان کی بریت نے بھارتی نظام انصاف کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا ہے کہ بھارت پاکستان پر پہلے بھی دہشت گردی کے الزامات لگاتا رہا ہے جبکہ بھارت خود دہشت گردی کا اعتراف کرنے والوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
پاکستان پر دہشت گردی کے الزام لگانے والے بھارت کی منافقت اور دہرا معیار دنیا کے سامنے آ گیا ہے۔ بھارت نے سرعام اپنے جرم کا اعتراف کرنے والے دہشت گردوں کو تحفظ دیا۔
سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کی بریت بھارتی ریاست کی دہشت گردوں کی حمایت کی عکاس ہے،بیالیس پاکستانی شہداء کے خاندانوں کو کیا جواب دیا جائے گا؟ بری ہونے والوں میں آرایس ایس کا دہشت گرد آسوامی آسیم نند بھی شامل ہے۔