جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

سعودی بھائیوں نے سینی ٹائزر روبوٹ تیار کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب میں 2 جڑواں بھائیوں نے خود کار سینی ٹائزر روبوٹ تیار کرلیا، جیسے ہی کوئی شخص گھر میں داخل ہوتا ہے تو روبوٹ سرخ سگنل اور الارم بجا کر آنے والے کو متنبہ کرتا ہے کہ سینی ٹائزنگ ضروری ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں دو جڑواں بھائیوں نے خود کار سینی ٹائزر روبوٹ تیار کیا ہے، دونوں بھائی عماد اور معاذ العمودی کی عمر 14 برس ہے۔

مذکورہ دونوں بھائی ملائیشیا میں ذہنی حساب کے بین الاقوامی مقابلے میں مسلسل دو مرتبہ پہلی پوزیشن حاصل کر چکے ہیں۔ اب کرونا وائرس کے دنوں میں قرنطینہ کے دوران ملنے والے وقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے خود کار سینی ٹائزر روبوٹ تیار کیا ہے۔

عماد اور معاذ کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران 24 گھنٹے گھر میں گزار رہے تھے تو خیال آیا کہ کیوں نہ آن لائن مصنوعی ذہانت کے لیے روبوٹ پروگرامنگ کی تعلیم اور ڈیزائن سیکھی جائے۔ اس خیال کے آتے ہی اس پروجیکٹ پر کام شروع کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے طے کیا تھا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خود کار سینی ٹائزر تیار کریں گے، کرفیو کے دوران خود کار سینی ٹائزر روبوٹ پر کئی تجربات کیے۔ حالات معمول پر آئے تو روبوٹ پر پروگرامنگ کی۔ اس میں کئی ترامیم کیں اب یہ روبوٹ عمدہ طریقے سے کام کرنے لگا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی کوئی شخص گھر میں داخل ہوتا ہے تو روبوٹ سرخ سگنل اور الارم بجا کر آنے والے کو متنبہ کرتا ہے کہ سینی ٹائزنگ ضروری ہے، سینی ٹائزنگ سے فارغ ہونے پر روبوٹ گرین سگنل دیتا ہے۔

دونوں کا کہنا تھا کہ یہ کام کرونا وائرس سے نمٹنے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ایک کوشش ہے۔ ہمارا خواب تھا کہ وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں ہمارا بھی حصہ ہو۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں