لاڑکانہ: لاڑکانہ میں فائرنگ سے 2 ہندو تاجروں کو ٹارگٹ کیے جانے کے واقعات ہوئے ہیں، جن میں سے ایک تاجر زخمی سنجے کمار کی حالت تشویشناک ہے، جنھیں ایئر ایمبولینس کے ذریعے لاڑکانہ سے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے تاجر سنجے کمار کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، سنجے کمار کے بھائی امیت کمار کے مطابق سنجے نجی اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو تشویش ناک قرار دیا ہے۔
زخمی کے بھائی امیت کمار کا کہنا تھا کہ موہنجو دڑو میں ایئر ایمبولنس میں خرابی کی وجہ سے زخمی تاجر کی متبادل طیارے سے کراچی منتقلی عمل میں لائی گئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق زخمی تاجر سنجے کمار کو کراچی منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولنس لاڑکانہ بھیجی گئی تھی، زخمی کو ایئر ایمبولینس میں منتقل کر کے وینٹی لیٹر بھی لگا دیا گیا تھا، تاہم روانگی کے وقت طیارہ فنی خرابی کا شکار ہو گیا۔
کراچی: مصطفیٰ عامر کو لڑکی کے معاملے پر قتل کیا، ملزم شیراز کا انکشاف
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ خرابی کے باعث زخمی تاجر کو ایئر ایمبولینس سے نکال کر دوبارہ اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد تاجر کی کراچی منتقلی کے لیے دوسرا ایئر ایمبولنس طیارہ رات گئے لاڑکانہ بھیجا گیا۔
بھائی امیت کمار کے مطابق کراچی پہنچنے پر شہر کے بڑے نجی اسپتال کے آئی سی یو میں بیڈ خالی نہ ہونے پر ڈاکٹر نے سنجے کمار کو لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا، امیت کمار کے مطابق کل 5 بجے کراچی کے لیے نکلے تھے لیکن ایئر ایمبولینس خراب ہو گئی، کل رات 9 بجے کراچی پہنچے، اب بھائی سنجے کمار کو لیاقت نیشنل اسپتال کے آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے۔
دوسرے واقعے میں زخمی تاجر کا علاج لاڑکانہ میں جاری ہے۔