ممبئی : سنجے لیلا بھنسالی حملے کے بعد جے پور میں فلم کی شوٹنگ روک کرممبئی واپس آگئے، فلم کے اداکاروں دپیکا پڈوکون، رنویرسنگھ اور شاہد کپور نے بھنسالی پر حملے کے واقعے کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فلمی ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی بھی انتہا پسندی کی بھینٹ چڑھ گئے۔ گزشتہ روز جے پور میں حملے کے بعد انہیں فلم ’’پدماوتی‘‘ کی شوٹنگ روکنی پڑ گئی جے پور میں کرنی سینا نامی تنظیم کے غنڈوں نے بھنسالی اور ان کی ٹیم پر بہیمانہ تشدد کیا تھا۔
فلم میں لیڈ رول کرنے والے رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا رویہ نا قابل قبول ہے، حملے کے بعد پدمنی کا کردار کرنے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون نے واقعے پر ٹوئٹ کیا کہ مذکورہ فلم میں کسی تاریخ کو مسخ نہیں کیا گیا۔ بھنسالی پر حملے نے ہم سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی پر حملہ
اس حوالے سے بھنسالی کی پٹائی کرنے والی ’’کرنی سینا‘‘ نامی تنظیم کے ارکان کا کہنا ہے فلم کے ایک سین میں دہلی کے سلطان علاؤالدین خلجی کو خواب میں رانی پدمنی کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں دکھایا گیا ہے جو سراسر تاریخ مسخ کرنے کے مترادف ہے۔